اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف موٹروے روڈ پر بنگلہ مستوئی کے قریب ایک مزدا گاڑی (منی ٹرک نمبر KE-5263) الٹنے کا حادثہ پیش آیا جس میں 7 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی جانوروں کو لاہور چھوڑ کر واپس رحیم یار خان جا رہی تھی اور ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث گاڑی بے قابو ہو گئی۔ گاڑی میں کل 20 افراد سوار تھے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ تین زخمیوں کو موقع پر فرسٹ ایڈ دی گئی جبکہ 4 کو مزید علاج کے لیے آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کر دیا گیا۔ خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

زخمیوں میں ظہور احمد، صادق حسین، ملازم حسین اور فرمان حسین شامل ہیں جو اسپتال منتقل کیے گئے، جبکہ عبد الستار، اکبر اور محمد آصف کو موقع پر طبی امداد دی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کی وجہ ڈرائیور کی نیند اور غفلت تھی۔ حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا لیکن ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی سے حالات قابو میں آ گئے۔

Shares: