ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ صفائی ستھرائی کے معاملات کو بہتر بنانے کے لیے متحرک ہو گئے۔ انہوں نے تحصیل ننکانہ کے مختلف علاقوں، جن میں ننکانہ سٹی، موڑ کھنڈا، بچیکی اور منڈی فیض آباد شامل ہیں، کا دورہ کیا اور صفائی کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
موڑ کھنڈا اور منڈی فیض آباد میں صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے صفائی کمپنی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ ساتھ ہی کمپنی کو ہدایت کی گئی کہ دو گھنٹوں کے اندر اندر صفائی کے معیاری انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
بچیکی میں صفائی کے مثالی انتظامات پر ڈپٹی کمشنر نے عملے کو شاباش دی اور انہیں نقد انعامات سے بھی نوازا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ صفائی آپریشن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے اعلان کیا کہ وہ عید کے موقع پر صفائی کے مثالی انتظامات کو ہر صورت ممکن بنائیں گے اور اس مقصد کے لیے ضلع کے تمام شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کا خود دورہ کریں گے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور اگر کہیں صفائی نہ ہونے کی شکایت ہو تو فوری طور پر کنٹرول روم کو اطلاع دیں۔