ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی سٹی رپورٹرجواد اکبر) سخی سرور روڈ پر المناک حادثہ، ایک نوجوان جاں بحق، 7 شدید زخمی
ڈیرہ غازی خان کی مصروف اور بین الصوبائی شاہراہ سخی سرور روڈ پر آج ایک دل دہلا دینے والا ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں پانچ موٹرسائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ سات افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب دو مخالف سمتوں سے تیز رفتاری کے ساتھ آنے والی موٹرسائیکلیں بے قابو ہو کر ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔ تصادم کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ پیچھے آنے والی تین مزید موٹرسائیکلیں بھی ان سے آ ٹکرائیں، جس کے باعث مجموعی طور پر پانچ موٹرسائیکلیں اس حادثے کی زد میں آئیں۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 19 سالہ سلمان کے نام سے ہوئی ہے جو نزدیکی علاقے کا رہائشی تھا اور اپنے دوستوں کے ساتھ تفریحی مقام کی جانب جا رہا تھا۔ زخمیوں میں علی حسن، حمزہ، فہد، عثمان، عدنان، ساجد اور واحد شامل ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کیا گیا۔ پولیس نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مقامی افراد اور حادثے کے چشم دید گواہوں کا کہنا ہے کہ سخی سرور روڈ پر تیز رفتاری، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور مناسب نگرانی نہ ہونے کے باعث ایسے واقعات آئے روز پیش آتے ہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اس روڈ پر نگرانی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور تیز رفتاری کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی جانوں کو ضیاع سے بچایا جا سکے۔