ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد عید کے تینوں روز صفائی کے عمل کی نگرانی میں سرگرم، شہریوں میں بیگز تقسیم، عوام مطمئن
تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے عیدالاضحیٰ کے تینوں روز شہر سمیت کوٹ چھٹہ، چوٹی زیریں، مانہ احمدانی، سمینہ اور دیگر علاقوں کا دورہ کر کے صفائی کے انتظامات کا خود جائزہ لیا۔ انہوں نے گلی محلوں اور بلاکس میں پیدل جا کر صفائی کے عمل کا معائنہ کیا، شہریوں سے صفائی کے متعلق معلومات لیں اور آلائشوں کی بروقت تلفی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود صفائی عملے سے ملاقاتیں کیں، ان کی کارکردگی کو سراہا اور شاباش دی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز تیمور عثمان، جنید خان، چیف آفیسرز جواد الحسن گوندل، اشفاق احمد، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر اداروں کی جانب سے لگائے گئے کیمپس کا بھی معائنہ کیا۔ صفائی کے عمل کی مؤثر نگرانی کے لیے سیکٹر سطح پر افسران کی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں، جبکہ ضلعی کنٹرول روم بھی فعال رہا۔
محمد عثمان خالد نے شہریوں میں آلائشوں کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے لیے خصوصی بیگز بھی تقسیم کیے اور عوام سے اپیل کی کہ دیئے گئے بیگز میں آلائشیں ڈال کر مقررہ مقامات پر رکھیں تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔ شہریوں نے صفائی کے بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔