دنیا بھر میں تھرلر ناولوں کے لیے شہرت رکھنے والے برطانوی مصنف فریڈرک فورسائت 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ان کے ایجنٹ جوناتھن لائیڈ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ "ہم دنیا کے عظیم ترین تھرلر لکھنے والوں میں سے ایک کے بچھڑنے پر سوگوار ہیں۔”فریڈرک فورسائت نے 25 سے زائد کتابیں تحریر کیں جن میں مشہور زمانہ ناول دی ڈے آف دی جیکال، دی اوڈیسا فائل اور دی ڈاگز آف وار شامل ہیں۔ ان کی کتابوں کی مجموعی فروخت 7 کروڑ 50 لاکھ سے زائد رہی۔
1938 میں کینٹ (انگلینڈ) میں پیدا ہونے والے فورسائت نے 18 سال کی عمر میں رائل ایئر فورس (RAF) جوائن کی۔ بعد ازاں وہ رائٹرز اور بی بی سی کے لیے جنگی رپورٹر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ 2015 میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ بیس سال سے زائد عرصے تک برطانوی خفیہ ادارے MI6 کے ساتھ بھی منسلک رہے۔
ان کے بیشتر ناولوں کی کہانیاں ان کے حقیقی تجربات پر مبنی تھیں۔ پہلا ناول دی ڈے آف دی جیکال 1971 میں اس وقت لکھا جب وہ بے روزگار تھے۔ یہ ناول فرانسیسی صدر چارلس ڈیگال کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی پر مبنی ہے اور فورسائت کو عالمی شہرت دلانے کا باعث بنا۔ اس ناول پر 1973 میں فلم بھی بنائی گئی جس میں اداکار ایڈورڈ فاکس نے مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ گزشتہ برس اس پر نئی ٹی وی سیریز بھی نشر کی گئی جس میں ایڈی ریڈمین نے کردار ادا کیا۔
ان کے پبلشر بل اسکاٹ کر نے کہا کہ "فریڈی کے ناول آج بھی لاکھوں افراد پڑھ رہے ہیں، ان کا کام تھرلر کا معیار بن چکا ہے۔”فورسائت کے دیگر مشہور ناولوں میں دی اوڈیسا فائل (1972) اور دی فورتھ پروٹوکول (1984) شامل ہیں، جس پر مائیکل کین اور پئرس بروسنن نے فلم میں کام کیا۔1997 میں انہیں ادب کی خدمات پر CBE (کمانڈر آف دی برٹش ایمپائر) سے نوازا گیا۔
فورسائت کی پہلی بیوی کیرو Cunningham سے دو بیٹے تھے، جبکہ ان کی دوسری اہلیہ سینڈی مولائے گزشتہ برس اکتوبر میں انتقال کر گئیں۔ان کی زندگی پر بننے والی ڈاکیومنٹری In My Own Words اسی سال بی بی سی ون پر نشر کی جائے گی۔ ان کا آخری ناول Revenge of Odessa، جسے انہوں نے مصنف ٹونی کینٹ کے ساتھ لکھا، رواں سال اگست میں شائع ہوگا۔