احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز AI171 آج دوپہر روانگی کے چند منٹ بعد حادثے کا شکار ہو گئی۔

اطلاعات کے مطابق طیارے میں 242 مسافر سوار تھے، جن میں سے متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔حادثے کے فوری بعد ہوائی اڈے پر دھوئیں کے گہرے بادل دیکھے گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔یہ حادثہ پرواز کے صرف چند منٹ بعد پیش آیا۔ طیارہ دوپہر 1:17 پر روانہ ہوا تھا۔رپورٹس کے مطابق طیارہ 825 فٹ کی بلندی سے نیچے گر کر تباہ ہوا۔ہوائی اڈے کو جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں تاکہ امدادی کارروائیاں بغیر رکاوٹ جاری رہ سکیں ،ایئر انڈیا نے ایک بیان میں کہا:”فلائٹ AI171، جو احمد آباد سے لندن جا رہی تھی، آج حادثے کا شکار ہو گئی اس وقت ہم تفصیلات جمع کر رہے ہیں اور جلد مزید معلومات فراہم کریں گے۔”

ہندوستان کے وزیر برائے شہری ہوابازی رام موہن نائیڈو نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"احمد آباد میں طیارہ حادثے کی خبر سن کر شدید صدمے اور دکھ میں ہوں۔ ہم ہائی الرٹ پر ہیں۔ میں خود صورت حال کی نگرانی کر رہا ہوں اور تمام ہوابازی اور ہنگامی اداروں کو فوری اور مربوط کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں متحرک ہو چکی ہیں، اور طبی امداد فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ میری دعائیں تمام متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔”

واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں، اور سکیورٹی اہلکار صورتحال پر مکمل کنٹرول کے لیے تعینات ہیں۔

ایئر انڈیا کے چیئرمین نے جہاز کے حادثے کی تصدیق کی، دکھ و افسوس کا اظہار
ایئر انڈیا کے چیئرمین این چندر شیکرن نے احمد آباد ایئرپورٹ کے نزدیک جہاز کے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا، "بہت افسوس کے ساتھ میں تصدیق کرتا ہوں کہ ایئر انڈیا کی فلائٹ 171، جو احمد آباد سے لندن گیٹ وِک جا رہی تھی، آج ایک المناک حادثے کا شکار ہو گئی ہے۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دلی تعزیت ان تمام افراد کے خاندانوں اور پیاروں کے ساتھ ہیں جو اس افسوسناک واقعے سے متاثر ہوئے ہیں۔”چیئرمین نے مزید کہا، "اس وقت ہمارا بنیادی توجہ متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کی مدد پر ہے۔ ہم موقع پر موجود ایمرجنسی ٹیموں کی ہر ممکن معاونت کر رہے ہیں اور متاثرین کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے میں کوشاں ہیں۔ مزید معلومات موصول ہوتے ہی ہم آپ کو اپڈیٹ کریں گے۔ ایک ایمرجنسی سینٹر قائم کر دیا گیا ہے اور معلومات حاصل کرنے والے خاندانوں کے لیے سپورٹ ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔”

بوئنگ 787 ،رجسٹریشن VT-ANB تباہ ہوا،پائلٹ کا 8200 گھنٹے کا تجربہ،2پائلٹ،10 کیبن کریو،230 ،مسافر سوار تھے
ایئر انڈیا کی پرواز نمبر AI-171، جو احمد آباد سے لندن جا رہی تھی، کے حادثے کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے باضابطہ بیان جاری کیا ہے۔حادثہ احمد آباد ایئرپورٹ کی رن وے 23 سے پرواز کے فوراً بعد پیش آیا۔ بوئنگ 787 طیارہ جس کی رجسٹریشن VT-ANB ہے، اڑان بھرنے کے چند ہی لمحوں بعد حادثے کا شکار ہوا۔ جہاز پر کل 242 افراد سوار تھے جن میں 2 پائلٹس، 10 کیبن عملہ، اور 230 مسافر شامل تھے۔کپتان سمیٹ سبھروال، جن کے پاس 8,200 گھنٹے کا تجربہ ہے، اور فرسٹ آفیسر کلائیو کنڈار (1,100 گھنٹے کا تجربہ) جہاز کی کمان سنبھالے ہوئے تھے۔ پرواز کا آغاز 13:39 بجے ہوا، اور چند لمحوں بعد ہی میڈے کال جاری کی گئی۔ بدقسمتی سے، اس کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرول سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ڈی جی سی اے نے تصدیق کی ہے کہ ابھی تک حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم تحقیقات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو اور بازیابی کے کام بھی جاری ہیں۔

تباہ بھارتی طیارے میں 53 برطانوی،7 پرتگالی، ایک کینڈین اور 169 بھارتی شہری تھے سوار
ایئر انڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج احمد آباد سے لندن جانے والی پرواز AI171 حادثے کا شکار ہو گئی ہے۔یہ پرواز، جو بوئنگ 787-8 طیارہ تھا، احمد آباد سے دوپہر 1:38 بجے روانہ ہوئی تھی۔ اس میں کل 242 مسافر اور عملہ موجود تھے جن میں سے 169 ہندوستانی، 53 برطانوی، 1 کینیڈیئن اور 7 پرتگالی شہری شامل ہیں۔حادثے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔مزید معلومات کے لیے ایئر انڈیا نے مسافروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے خصوصی ہیلپ لائن نمبر 1800 5691 444 جاری کیا ہے۔

طیارہ حادثہ ،بھارتی ریلوے کا احمد آباد تک خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان
انڈین ریلویز نے احمد آباد میں پھنسے ہوئے مسافروں کی سہولت کے لیے خصوصی وندے بھارت ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق فی الحال ٹرینوں کی تعداد طے نہیں کی گئی ہے لیکن ضرورت کے مطابق جتنی بھی ٹرینیں درکار ہوں گی، انہیں چلایا جائے گا تاکہ مسافروں کو آسانی فراہم کی جا سکے۔دوسری جانب، احمد آباد ہوائی اڈے پر حالیہ ہوائی حادثے کے بعد ملک بھر میں افسوس کا سماں ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اس واقعے پر گہری دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "میں الفاظ سے باہر دکھ محسوس کر رہا ہوں”۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ حادثے کی جگہ پر فوری طور پر آفت ریسپانس فورسز پہنچا دی گئی ہیں تاکہ متاثرین کی مدد کی جا سکے۔ انہوں نے گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل، وزیر داخلہ ہارش سنگھوی اور احمد آباد کے پولیس کمشنر سے رابطہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔امیت شاہ جلد ہی احمد آباد کے لیے روانہ ہو رہے ہیں تاکہ خود موقع پر جا کر حالات کا جائزہ لے سکیں اور متاثرین کے اہل خانہ سے ملاقات کر سکیں۔انڈین ریلویز کی جانب سے خصوصی وندے بھارت ٹرینوں کا یہ اقدام مسافروں کی سہولت اور جلد بازیابی کے لیے اٹھایا گیا ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔

گجرات کے احمد آباد میں آج گر کر تباہ ہونے والے ایئر انڈیا کے طیارے میں مبینہ طور پر گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی بھی سوار تھے۔ طیارہ ڈاکٹروں کے ہوسٹل کی عمارت پر گرا ہے،110 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے

ایئر انڈیا طیارہ حادثے پر بھارتی اداکاروں کا اظہار افسوس
ایئرانڈیا طیارہ حادثے کے بعد بولی وڈ کے مشہور فنکاروں نے اپنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس المناک واقعے پر صدمے اور تعزیت کا اظہار کیا۔اداکار اکشے کمار نے لکھا، "ایئر انڈیا کے کریش کی خبر سن کر صدمہ ہوا، بس دعا گو ہوں۔”سنی دیول نے کہا، "احمد آباد میں طیارہ حادثے کی خبر سن کر دل دہل گیا۔ دعا ہے کہ بچ جانے والے مل جائیں اور ان کا علاج ہو۔ سونُو سود نے اپنی دعا کا پیغام دیا، "احمد آباد میں لندن جانے والے ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کے لیے دعائیں۔”رندھپ ہُوڑا نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "احمد آباد میں ہونے والے اس المناک حادثے کی خبر سن کر دل ٹوٹ گیا۔ متاثرہ خاندانوں کے لیے دعائیں۔”ریتیش دیس موکھ نے لکھا، "احمد آباد میں اس دلخراش حادثے کی خبر سن کر افسردہ ہوں۔ میری دعائیں تمام متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔”پرینیتی چوپڑا نے کہا، "ایئر انڈیا کے اس حادثے میں متاثرہ خاندانوں کے دکھ کا اندازہ نہیں لگا سکتی۔ دعا ہے اللہ انہیں صبر دے۔”جانوی کپور نے بھی اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کی خبر سن کر جھٹکا لگا۔ تمام مسافروں، عملے اور اہل خانہ کے لیے دعاگو ہوں۔”

ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ طیارے کے دونوں انجنوں کو پرندوں کے ٹکراؤ سے نقصان پہنچا، ماہرین
ماہرین نے این ڈی ٹی وی کو بتایا ہے کہ ممکنہ طور پر پرندے کے ٹکرانے سے طیارہ ٹیک آف کے لیے درکار رفتار حاصل نہ کر سکا، جو حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔سابق سینئر پائلٹ کیپٹن سوربھ بھاٹناگر نے کہا، "ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ طیارے کے دونوں انجنوں کو پرندوں کے ٹکراؤ سے نقصان پہنچا، جس کی وجہ سے وہ طاقت پیدا نہیں کر سکے۔ ٹیک آف بالکل درست تھا، لیکن جیسے ہی گیئرز کو اوپر کرنا تھا، طیارہ نیچے آنے لگا، جو صرف اس وقت ہوتا ہے جب انجن فیل ہو جائیں یا طیارہ لفٹ پیدا نہ کر سکے۔ ظاہر ہے، تحقیقات سے اصل وجہ سامنے آئے گی۔”انہوں نے مزید کہا، "ویڈیو فوٹیج سے اندازہ ہوتا ہے کہ ٹیک آف معمول کے مطابق ہوا، اور طیارہ ایک کنٹرول انداز میں نیچے آیا۔ پائلٹ نے ‘مے ڈے’ کال دی تھی، جو ایک ہنگامی صورت حال کی علامت ہے۔”

طیارہ گرنے سے ہاسٹل میں موجود 5 طلبا کی موت کی تصدیق،متعدد زخمی
ایئر انڈیا کا طیارہ جہاں گرا وہاں میڈیکل ہاسٹل تھا، طیارہ گرنے سے پانچ طلبہ کی موت ہوئی ہے جبکہ متعدد زخمی ہیں، اس حادثے میں پانچ طلبہ جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے چار انڈر گریجویٹ اور ایک پوسٹ گریجویٹ طالب علم تھا، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے

بی جے میڈیکل کالج کے ایک طالب علم کی ماں، رمیلہ، نے بتایا کہ ان کا بیٹا حادثے کے وقت ہاسٹل میں تھا اور وہ دوپہر کے وقفے میں تھا۔ طیارہ حادثہ پیش آیا تو اس نے اپنی جان بچانے کے لیے عمارت کی دوسری منزل سے کودنا پڑا۔رمیلہ نے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "میرا بیٹا دوپہر کے وقفے میں ہاسٹل گیا تھا اور اسی وقت طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔ میرا بیٹا محفوظ ہے اور میں نے اس سے بات کی ہے۔ وہ دوسری منزل سے کود گیا تھا، اس لیے اسے کچھ زخم آئے ہیں۔”رمیلہ خود احمد آباد کے سول ہسپتال پہنچ چکی ہیں جہاں وہ اپنے بیٹے کی حالت دیکھ رہی ہیں۔

آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البنیز نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "احمد آباد میں مسافر طیارے کے حادثے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ اس سانحے میں متاثرہ افراد کے ساتھ ہمارے دل ہیں۔ ہماری حکومت باقاعدگی سے صورتحال کی رپورٹ حاصل کر رہی ہے اور ہم اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔”

ہندوستان کی وزارت خارجہ نے بھی واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس حادثے میں بہت سے افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ "ہم اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

طیارہ حادثہ،تحقیقات کا آغاز، قیاس آرائیاں بھی جاری
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے جمعرات کو کہا کہ اس نے احمد آباد طیارہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہے، تحقیقات کے حصے کے طور پر فلائٹ ڈیٹا، وائس ریکارڈنگ اور گواہوں کے بیانات اکٹھا کر رہے ہیں۔ یہ حالیہ برسوں میں ہندوستان میں سب سے سنگین طیارہ حادثات میں سے ایک ہے، احمد آباد ہوائی جہاز کے حادثے کی وجوہات کے بارے میں کئی قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں، جن میں انجن کی خرابی سے لے کر فلائٹ کنٹرول میں خرابی تک کے قیاس لگائے جا رہے ہیں۔ تاہم حکام نے سرکاری نتائج سامنے آنے تک تحمل سے کام لینے پر زور دیا ہے۔ اس حادثے نے ایوی ایشن کمیونٹی میں ہلچل مچا دی ہے اور ہوائی جہاز کی حفاظت اور دیکھ بھال کے پروٹوکول کے بارے میں سوالات اٹھائے ہیں۔

بھارتی طیارہ حادثہ،صدر مرکزی مسلم لیگ کا گہرے دکھ و افسوس کا اظہار
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے بھارتی طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارہ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے،خالد مسعود سندھو نے ایئرانڈیا کی پرواز کے حادثے پر ردعمل میں کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم بھارتی عوام اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں،ہر انسانی جان قیمتی ہے، چاہے وہ کسی بھی مذہب، قوم یا ملک سے تعلق رکھتی ہو ،خالد مسعود سندھو نے حادثے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی .

Shares: