ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال و صنعت زار کے دفتر میں خصوصی افراد کیلئے معاون آلات تقسیم کرنے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر نے معذور افراد میں وہیل چیئرز، وائٹ کین سٹکس، واکرز اور سننے والے آلات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شبیر حسین اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خصوصی افراد کیلئے معاون آلات کی تقسیم پر ایک ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج کی تقریب میں ضلع ننکانہ صاحب کے 27 مستحق خصوصی افراد کو یہ آلات فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ باقی تمام خصوصی افراد کو بھی یہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ سوشل ویلفیئر خصوصی افراد کی خدمت میں پیش پیش ہیں اور انہیں سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شبیر حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ اقدام لائق تحسین ہے اور وہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ معاون آلات کی فراہمی پر مستفید افراد نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ کے حق میں نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔








