اسلام آباد: سینیٹ آف پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔

یہ قرارداد نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایوان بالا میں پیش کی، جس میں اسرائیل کے اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور اسے بین الاقوامی قوانین و اقوام متحدہ کے کنونشنز کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا،قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا یہ جارحانہ اقدام نہ صرف جنگی جرم کے زمرے میں آتا ہے بلکہ اس نے پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں بھی نہتے فلسطینیوں، خصوصاً بچوں کا قتل عام کر رہا ہے، جو انسانیت سوز مظالم کی بدترین مثال ہے۔

سینیٹ کے اجلاس کے دوران تمام اراکین نے اس مذمتی قرارداد کی حمایت کی اور اسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ اراکین سینیٹ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی جارحیت کا فوری نوٹس لیا جائے اور بین الاقوامی سطح پر اس کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تناؤ کو کم کیا جا سکے،ایوان نے ایک بار پھر پاکستان کے اس مؤقف کو دہرایا کہ عالمی امن کے لیے یکطرفہ جارحیت، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی پامالی کسی صورت قابل قبول نہیں۔

Shares: