میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایات پر سب ڈویژن میرپور ماتھیلو پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ڈی ایس پی میرپور ماتھیلو محمد یونس کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ جروار صفدر عباس پھلپوٹو اور پولیس کی بھاری نفری نے تھانہ جروار کی حدود میں واقع گاؤں ٹھارو لغاری، جمشیر بوزدار اور دیگر علاقوں میں اشتہاری و روپوش ملزمان کے گھروں پر سخت چھاپے مارے۔
ریڈ کے دوران متعدد مطلوب ملزمان جن میں پاندھی لغاری، بھورل بوزدار، معشوق بوزدار، نیاز بوزدار، ریاض بوزدار، وارث بوزدار اور محمد عارف بوزدار شامل ہیں، گھروں کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ان اشتہاری اور روپوش ملزمان کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، اور جلد ہی انہیں گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔







