ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد کی زیر صدارت نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت فیکلٹی ڈویلپمنٹ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے ذیلی ادارے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے تعاون سے 20 روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس میں غازی یونیورسٹی کے 27 لیکچررز اور اسسٹنٹ پروفیسرز حصہ لے رہے ہیں۔
ٹریننگ میں ملک بھر سے ماہرین تعلیم اور پروفیسرز لیکچرز دیں گے، جبکہ ٹریننگ کوآرڈینیٹر کی ذمہ داری ڈاکٹر جاوید اقبال، چیئرمین ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو دی گئی ہے۔ تربیتی سیشنز میں تدریس کے جدید رجحانات، تعلیمی نفسیات، تعلیم بطور پیشہ، طلبہ کی کردار سازی، نصاب سازی، تعلیمی منصوبہ بندی، اور جدید ٹیکنالوجی کے تعلیمی استعمال پر توجہ دی جا رہی ہے۔
افتتاحی تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر سعد اللہ لغاری، ڈاکٹر راشدہ قاضی، ڈاکٹر عبدالغفار، ڈاکٹر عنصر حسین، ڈاکٹر شاہد نثار، ڈاکٹر اللہ بخش گلشن، ڈاکٹر مقبول سمیت دیگر فیکلٹی ممبران شریک تھے۔ تقریب سے ریسورس پرسن ڈاکٹر محمد زبیر اور وائس چانسلر ڈاکٹر اشفاق احمد نے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔







