باجوڑ: قومی اسمبلی کے رکن اور وزیراعظم کے معاون خصوصی مبارک زیب خان کے گھر پر راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔
پولیس اور مقامی حکام کے مطابق اس حملے میں جانی نقصان نہیں ہوا تاہم گھر کے مین گیٹ کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ڈی پی او باجوڑ نے میڈیا کو بتایا کہ رات کے اوقات میں نامعلوم افراد نے رکن قومی اسمبلی مبارک زیب خان کے گھر پر راکٹ داغا، جس کے باعث گھر کے بیرونی دروازے کو نقصان پہنچا۔ تاہم خوش قسمتی سے اس حملے میں نہ تو کوئی زخمی ہوا اور نہ ہی کسی قسم کا جانی نقصان ہوا۔پولیس نے فوری طور پر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔
مبارک زیب خان این اے 8 باجوڑ سے آزاد حیثیت میں 2024 کے عام انتخابات میں منتخب ہوئے تھے۔ بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں معاون خصوصی برائے قومی امور مقرر کیا تھا۔ ان کی سیاسی سرگرمیاں باجوڑ اور خیبر پختونخوا میں خاصی اہمیت کی حامل ہیں۔پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے واقعے کی مکمل چھان بین کر رہے ہیں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے کسی قسم کی افواہوں سے گریز کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تحقیقات میں تعاون فراہم کریں۔