سیالکوٹ (بیوروچیف باغی ٹی وی شاہد ریاض)بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے اور اوور لوڈنگ پر ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن، مقدمات درج، جرمانے عائد

سیالکوٹ سٹی ٹریفک پولیس نے ڈی ایس پی ٹریفک عدنان قاسم کی قیادت میں بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے اور اوور لوڈنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا ہے۔ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر متعدد گاڑی مالکان کے خلاف ایف آئی آرز درج کر لی گئی ہیں جبکہ کئی ڈرائیوروں کو بھاری جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔

ڈی ایس پی عدنان قاسم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانا اور گنجائش سے زائد مسافروں کو سوار کرنا انتہائی خطرناک عمل ہے، جو مسافروں کی جانوں کو سنگین خطرات سے دوچار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف قانون شکنی ہے بلکہ انسانی جانوں کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے، جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں، بین الاضلاعی روٹس اور تمام اہم بس اسٹینڈز پر خصوصی ناکے لگا کر نگرانی کا عمل سخت کر دیا ہے۔ مستقبل میں بھی ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

Shares: