سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض)صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے سیالکوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال (ٹی ایچ کیو) سمبڑیال اور یونین کونسل ہڑر میں قائم کلینک آن ویلز کیمپ کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ "کلینک آن ویلز پروگرام” میں 37 اضلاع میں سرفہرست ہے، تاہم اس معیار کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل محنت درکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 2 لاکھ 59 ہزار 654 مریض اس موبائل ہیلتھ سروس سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، جبکہ 39 ہزار 134 خواتین کا گائنی چیک اپ اور 23 ہزار 325 الٹراساؤنڈ کلینک آن ویلز کے ذریعے کیے جا چکے ہیں۔

ٹی ایچ کیو سمبڑیال کے دورے کے دوران خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا جن میں ایمرجنسی، سرجیکل یونٹ، او پی ڈی، ڈینٹل کلینک اور الٹراساؤنڈ روم شامل تھے۔ انہوں نے الٹراساؤنڈ مشین کو مکمل فعال پایا اور مریضوں کی عیادت بھی کی۔

وزیر صحت نے ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری چیک کی اور مریضوں کے لواحقین سے طبی سہولیات کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو معیاری بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔

Shares: