اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او راشد ہدایت کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران، مختلف محکموں کے نمائندے، علماء کرام اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام قربانی، ایثار اور رواداری کا درس دیتا ہے، لہٰذا اس مقدس ماہ میں باہمی یگانگت اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور مجالس و جلوسوں کے بروقت انعقاد پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے عالمی حالات، خصوصاً ایران اسرائیل جنگ کے تناظر میں باہمی اتحاد اور ذمہ داری کے جذبے کو مزید مضبوط کرنے پر بھی زور دیا۔
ڈی پی او راشد ہدایت نے کہا کہ ضلع بھر میں قیام امن کیلئے تمام طبقات کا کردار قابلِ تحسین رہا ہے۔ محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے، جبکہ سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے سے اجتناب برتا جائے۔ کسی بھی خبر پر یقین کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضروری ہے۔
اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء اور اہل تشیع نمائندوں نے محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ اور پولیس، تمام تر وسائل بروئے کار لا کر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔