وفاقی حکومت نے بیرون ملک سیاسی پناہ کے لیے درخواستیں جمع کروانے والے پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹس منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے وزیر خارجہ کے گزشتہ سال کے فیصلے کو واپس لیتے ہوئے پاسپورٹ رولز میں ترمیم کی منظوری کے لیے سمری تیار کر لی ہے، جو کابینہ کمیٹی برائے ڈسپوزل آف لیجسلیٹو کیسز (سی سی ایل سی) کو ارسال کر دی گئی ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سی سی ایل سی سے منظوری کے بعد یہ سمری وفاقی کابینہ کو بھیجی جائے گی، جس کے بعد سیاسی پناہ لینے والے شہریوں کے پاسپورٹس منسوخ کیے جائیں گے اور ان کی تجدید بھی ممکن نہیں ہو گی۔

وزارت قانون و انصاف کے ذرائع کے مطابق ایک لاکھ سے زائد پاکستانی شہریوں نے بیرون ملک سیاسی پناہ کی درخواستیں دے رکھی ہیں، جن میں سے اکثریت کی بنیاد محض جھوٹے اور غیر حقیقی بیانات پر ہے۔ ان افراد کے اقدام سے ملک کی ساکھ کو عالمی سطح پر نقصان پہنچ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد پاسپورٹ رولز میں ترمیم کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں سیاسی پناہ لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔

یاد رہے کہ رواں برس جون میں وفاقی حکومت نے 7 ہزار 800 سے زائد شہریوں کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کا عمل بھی شروع کیا تھا، جو گداگری اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے باعث مختلف ممالک سے ڈی پورٹ کیے گئے تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر کا رابطہ، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

Shares: