اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) تھانہ حجرہ شاہ مقیم کی حدود موضع کھرل کلاں میں غیرت کے نام پر دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات پیش آئی، جس میں خالہ اور بھانجی کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ مقتولین کی شناخت 27 سالہ سدرہ بی بی دختر اظہر اور 28 سالہ شمائلہ بی بی دختر مولا بخش کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں خواتین آپس میں خالہ بھانجی تھیں اور گھر میں موجود تھیں کہ شمائلہ کا بھائی محمد احمد بوٹا ایک نامعلوم شخص کے ہمراہ پہنچا اور مبینہ طور پر غیرت کے نام پر دونوں کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ حجرہ شاہ مقیم پولیس موقع پر پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم محمد احمد بوٹا کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ اس کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق دوہرے قتل کے اصل محرکات تفتیش اور پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔