اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر) تھانہ گوگیرہ کے نواحی گاؤں چک خان محمد میں رشتے کے تنازع پر خانہ بدوش قبیلے کے دو افراد قتل ہو گئے۔ مقتولین شاہد اور فرمائش آپس میں سالا اور بہنوئی تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق شاہد نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ بہنوئی فرمائش کی جھگی میں جا کر دستی اسلحہ سے فائرنگ کی اور اسے قتل کر دیا۔ فائرنگ کے بعد شاہد کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ مقتول کے عزیز و اقارب نے قاتل شاہد کو موقع پر ہی پکڑ لیا اور وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

واقعے کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ گوگیرہ پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کیے۔ مقتول فرمائش کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا جبکہ قاتل شاہد کو زخمی حالت میں پولیس حراست میں ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ڈی پی او کے نوٹس پر پولیس نے مقتول فرمائش کی والدہ کی درخواست پر شاہد اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ نمبر 723/25 درج کر لیا۔ دوسری جانب شاہد کی موت کے بعد اس کے ورثاء کی درخواست پر کراس ورژن بھی درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس تھانہ گوگیرہ نے دوہرے قتل کے اس پیچیدہ کیس کی میرٹ اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش کے لیے اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق دونوں فریقین کے بیانات، شواہد اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔

Shares: