اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) صوبائی سیکرٹری زکوة و عشر پنجاب و ایڈمنسٹریٹر زکوة محمد اسلم رامے کی ہدایت پر زکوة کی ادائیگی اور عوامی آگاہی مہم کے سلسلے میں ضلعی زکوة آفیسر عدیل اشرف نے صدر محمدی مارکیٹ شیخ لیاقت سمیت دیگر مختلف کاروباری شخصیات اور صاحبِ حیثیت افراد سے ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر عدیل اشرف نے بتایا کہ محکمہ زکوة و عشر پنجاب کے تحت بیوگان، مساکین، معذور افراد اور مستحقین کو صاف و شفاف طریقے سے گزارہ الاؤنس فراہم کیا جاتا ہے، جو برانچ لیس بینکنگ نظام اور بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ہی ادا کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فنی تربیت کے اداروں، سرکاری کالجز، یونیورسٹیز اور دینی مدارس کے مستحق طلبہ کو وظائف کی مد میں زکوة فراہم کی جاتی ہے، جبکہ سرکاری اسپتالوں کے ذریعے مستحق مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

ضلعی زکوة آفیسر نے مخیر حضرات اور کاروباری افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنی زکوة براہِ راست محکمہ زکوة و عشر پنجاب کے بینک آف پنجاب اکاؤنٹ نمبر PK20BPUN6010046987300013 یا مسلم کمرشل بینک اکاؤنٹ نمبر PK52MUCB0736876331001823 میں جمع کروائیں تاکہ یہ فنڈز مستحقین تک منصفانہ اور بروقت پہنچ سکیں۔

عدیل اشرف نے محکمہ کے فیلڈ اور دفتری عملے کو بھی ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقوں کے معززین و تاجران سے رابطہ کر کے زکوة کی اہمیت اور محکمانہ شفاف نظام سے متعلق آگاہی کو یقینی بنائیں۔

Shares: