اسلام آباد:ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ 20 جون سے شروع ہونے کا امکان ہے-
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ 20 جون سے شروع ہونے کا امکان ہے جو 23 جون تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا اس دوران خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی 20 جون سے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 20 سے 23 جون کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، گجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات اور پشاور سمیت درجنوں اضلاع میں آندھی، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے اس دوران چند علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے،اسلام آباد سمیت بالائی و وسطی علاقوں میں تیز بارش، جھکڑ اور گرج چمک کے باعث بجلی کی تاریں، درخت، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹول پلازوں کی عام نیلامی
محکمہ موسمیات کے مطابق 21 سے 23 جون کے دوران ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، قلات، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور ساہیوال میں بھی بارش اور آندھی کی پیش گوئی کی گئی ہے جب کہ 22 سے 24 جون کے دوران سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد کے علاقوں میں آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس سال مون سون بارشیں معمول سے 25 فیصد زیادہ ہونے کی توقع ہے جب کہ لاہور، گجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات اور راولپنڈی میں یہ شرح 40 سے 60 فیصد تک ہو سکتی ہے۔
بنیان المرصوص میں کامیابی امن کی جیت ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر شہروں میں عوامی آگاہی مہم چلائی جائے، دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب واقع دیہات میں مساجد کے ذریعے اعلانات کروانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ مقامی سطح پر بروقت اطلاعات پہنچائی جا سکیں۔








