سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں چھٹے سالانہ کانووکیشن کی شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں مجموعی طور پر 1783 طالبات کو مختلف تعلیمی اسناد سے نوازا گیا۔ اس موقع پر جامعہ کی پہلی 8 پی ایچ ڈی اسکالرز کو بھی ڈگریاں دی گئیں جو ادارے کی علمی ترقی کا روشن ثبوت ہیں۔

تقریب میں 1474 طالبات کو بی ایس، 146 کو ایم اے/ایم ایس سی اور 92 کو ایم فل/ایم ایس کی ڈگریاں عطا کی گئیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے صدارت کی جبکہ مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی تھے۔

دیگر معزز مہمانان میں ڈاکٹر نظام الدین، ڈاکٹر فرحت سلیمی، ڈاکٹر عامر اعظم خان، ڈاکٹر سلیمان طاہر، ڈاکٹر شہزاد مرتضی، ڈاکٹر بلال طاہر، ڈاکٹر محمد شاہد رفیق، معروف سائنسدان ڈاکٹر این ایم بٹ، خواجہ مسعود اختر، مس عذرہ سبطین اور مس گل زیب شامل تھیں۔

وائس چانسلر نے خطاب میں ڈگری حاصل کرنے والی طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی کامیابیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کنٹرولر امتحانات ملک گلشان اسکیم اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا جن کی بدولت یہ تقریب کامیابی سے منعقد ہوئی۔

Shares: