لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مہاجر ہونا کوئی جرم نہیں،کوئی شوق سے پناہ گزیں نہیں بنتا، اپنی مٹی چھوڑنا بہت کرب ناک مجبوری ہے۔
پناہ گزیں افراد کے عالمی دن (ورلڈ رفیوجی ڈے) کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کوئی شوق سے پناہ گزیں نہیں بنتا، زندگی بچانے کے لیے اپنا آنگن، اپنی مٹی، اپنی چھت چھوڑنا پڑتا ہے مہاجر ہونا کوئی جرم نہیں یہ ایک کرب ناک مجبوری ہے، جنگیں ختم ہو جاتی ہیں مگر مہاجرین کی بے گھری نسلوں تک رہ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین و شام کے دربدر مہاجرین انسانیت کے لیے ایک کڑا امتحان ہیں۔ دنیا کو ادراک ہونا چاہیے کہ پناہ مانگنے والا کمزور نہیں ، مظلوم ہوتا ہے پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود فراخ دلی سے لاکھوں مہاجرین کی با عزت طریقے سے میزبانی کی ہے پاکستان ہمیشہ مظلوموں کی آواز بنا ہے ،مہاجرین کی فلاح کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے، دعا ہے کہ دنیا میں امن قائم ہو، ظلم کا خاتمہ ہو اور ہر انسان کو سکون نصیب ہو۔