میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)میرپورخاص کے علاقے محمود آباد میں دو گروپوں کے درمیان پرتشدد تصادم کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے جبکہ گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور ہوائی فائرنگ سے علاقہ خوف و ہراس کا شکار ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جھگڑے میں غلام مرتضیٰ نوہڑی اور اسد نوہڑی کو لاٹھیوں اور پتھروں کے وار سے چوٹیں آئیں۔ زخمی اسد نوہڑی نے الزام عائد کیا کہ وسان برادری سے تعلق رکھنے والے مصطفیٰ وسان، حبیب اللہ وسان، اعجاز وسان اور ان کے درجنوں مسلح ساتھیوں نے ان کے گھروں میں گھس کر نہ صرف شدید توڑ پھوڑ کی بلکہ ہوائی فائرنگ بھی کی، اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ زخمی ہو گئے۔

اسد نوہڑی کا کہنا تھا کہ ملزمان نے ان کی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ وسان برادری کے افراد محلے میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں، جنہیں روکنے پر یہ دوسرا جان لیوا حملہ کیا گیا۔

متاثرہ خاندان نے بتایا کہ وہ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی میرپورخاص سے ملاقات کر چکے ہیں، جہاں ڈی آئی جی نے مکمل انصاف کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ ایس ایس پی نے مقدمہ درج کرانے کی ہدایت دی ہے تاکہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

علاقہ مکینوں نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کر کے امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے۔

Shares: