دیپال پور (باغی ٹی وی، نامہ نگار امتیاز شاہین چوہدری) پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ اور سٹی دیپال پور کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب ضیافت فیملی ریسٹورنٹ کچہری چوک میں پروقار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس کی سعادت بالترتیب شفیق جٹ اور سردار کھوکھر نے حاصل کی، جبکہ نظامت کے فرائض میاں آفتاب سعید خاں وٹو ایڈووکیٹ نے انجام دیے۔
سالگرہ کی تقریب میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوری خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے میاں ریاض احمد وٹو ایڈووکیٹ، سید جعفر حسین شاہ بخاری ایڈووکیٹ، چودھری طارق رفیق ایڈووکیٹ، میاں ذوالفقار علی وٹو ایڈووکیٹ، میاں محمد جہانگیر خاں وٹو ایڈووکیٹ، پیرزادہ شاھد محمود ایڈووکیٹ، اور دیگر مقررین نے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ میاں ریاض وٹو نے خطاب میں کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جان دے کر جمہوریت کی شمع روشن رکھی اور وہ ہر مظلوم کی آواز تھیں، ان کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔
چودھری سجاد الحسن سابق وزیر مملکت و ضلعی صدر پیپلز پارٹی اوکاڑا نے کہا کہ محترمہ کی خدمات عوام کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں، وہ پسماندہ طبقات کی امید تھیں۔ میڈم شازمہ اعزاز رامے صدر پیپلز لائر فورم دیپالپور نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے مشکل حالات میں بھی عوامی خدمت کو شعار بنایا اور آج بھی ان کا وژن "بینظیر انکم سپورٹ پروگرام” کے ذریعے زندہ ہے۔
تقریب کے اختتام پر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی گئی، شرکاء کیلئے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔