ڈسکہ(باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) انجمن خدمت خلق کا 755 واں اجلاس، افواجِ پاکستان کو خراج تحسین، سڑکوں کی تعمیر میں تاخیر پر تشویش

انجمن خدمت ِ خلق رجسٹرڈ ڈسکہ کا 755 واں ماہانہ اجلاس زچہ بچہ ہسپتال ڈسکہ میں میاں سعید احمد صراف کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کی سعادت مولانا محمد ایوب خاں نے حاصل کی، جبکہ نعت رسول مقبولؐ حاجی ضرار احمد نے پیش کی۔

جائنٹ سیکرٹری حاجی ضرار احمد نے اپریل 2025 کے اجلاس کی کارروائی پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ فنانس سیکرٹری انور احمد سیال ناسازیٔ طبع کے باعث شریک نہ ہو سکے، لہٰذا ان کی رپورٹ پیش نہ کی جا سکی۔ سیکرٹری نشرو اشاعت سہیل سلمان ٹھروہی نے گزشتہ اجلاس کی شائع شدہ خبریں پیش کیں اور ان کی کارکردگی کو سراہا گیا۔

اجلاس کے دوران بھارت کے خلاف حالیہ جنگ میں پاکستان کی فتح پر افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ حافظ عبد الغفار اور مولانا ایوب خاں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مزید برآں، اجلاس میں شہر کی سڑکوں کی ابتر حالت پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اراکین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سڑکوں کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے کیونکہ گرد و غبار کے باعث شہری بالخصوص دکاندار ناک اور گلے کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

Shares: