بہاولپور (نامہ نگار) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وزیٹنگ لیکچرار کی جانب سے طالبہ کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے کا افسوسناک واقعہ سامنے آ گیا۔ پولیس تھانہ بغداد الجدید نے مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ وائس چانسلر نے مذکورہ لیکچرار پر یونیورسٹی میں داخلے اور تدریسی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ سافٹ ویئر انجنئیرنگ کی طالبہ (م) نے ایف آئی آر نمبر 1173/25 تھانہ بغداد الجدید میں موقف اختیار کیا ہے کہ احمد محمود نامی وزیٹنگ لیکچرار نے گزشتہ روز اسے اپنے گھر بلایا۔ وہاں اس نے نہ صرف 50 ہزار روپے رشوت طلب کی بلکہ جنسی خواہشات کی تکمیل نہ ہونے پر امتحان میں فیل کرنے کی دھمکی دی اور دست درازی کی کوشش کی۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ یونیورسٹی کی ہراسمنٹ کمیٹی نے بھی واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ جنسی ہراسانی کے معاملے پر زیرو ٹالرینس کی پالیسی رکھتی ہے، اور اسی بنیاد پر لیکچرار احمد محمود کے نہ صرف کلاسز پڑھانے پر پابندی عائد کی گئی ہے بلکہ اس کے یونیورسٹی میں داخلے پر بھی مکمل طور پر روک لگا دی گئی ہے۔

Shares: