اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) حکومت پنجاب اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی جانب سے دریائے ستلج کے مقام ہیڈ سلیمانکی پر سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا۔ مشق کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام نے کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد ابراہیم ارباب مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔

مشق میں ایریگیشن، سول ڈیفنس، ہیلتھ اور لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹس کی جانب سے فلڈ ریلیف اسٹالز بھی لگائے گئے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے ریسکیو انتظامات پر بریفنگ دی، جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے کشتی رانی، ڈوبتے شخص کو بچانے، انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ اور فرسٹ ایڈ سمیت مختلف عملی مشقوں کا مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر انجینئر احتشام نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق رواں سال معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے اور ان مشقوں کا مقصد کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری اور بین الاداراتی رابطہ بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری الرٹ، بروقت ریسپانس، اور شہریوں کی بحفاظت منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد ابراہیم ارباب نے ریسکیو 1122 کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 دیگر اداروں کے لیے مثالی ہے، اور ایسی مشقیں اداروں کی صلاحیتوں کو جانچنے اور بہتری کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ آخر میں انہوں نے کامیاب مشق پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا.

Shares: