ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی و خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں صوبائی اتحاد بین المسلمین وفد نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے تناظر میں ہونے والی "اتحاد بین المسلمین کانفرنس” میں شرکت کی۔
کانفرنس کی صدارت مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کی جس میں آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان، کمشنر اشفاق احمد چوہدری، ڈی پی اوز، ڈپٹی کمشنرز، اور درجنوں مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما، مشائخ، ذاکرین، تاجر، ضلعی امن کمیٹیوں کے اراکین اور عوامی نمائندگان نے شرکت کی۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ استحکام اور دفاعِ پاکستان کا پیغام لے کر ڈیرہ غازی خان پہنچے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران فرقہ واریت سے بچاؤ اور بین المسالک ہم آہنگی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ علما ممبر و محراب سے اخوت اور اتحاد کا پیغام دیں۔ انہوں نے آپریشن "بنیان مرصوص” میں پاک فوج کی فتح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا جھوٹا "پہلگام ڈرامہ” بے نقاب ہو چکا ہے، اور دنیا آج افواج پاکستان کی قربانیوں کی معترف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ مریم نواز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اتحاد بین المسلمین کے قافلے پورے پنجاب میں روانہ کیے تاکہ محرم کے دوران امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے علمائے کرام سے اشتعال انگیز تقاریر سے گریز، لاؤڈ اسپیکر کے محتاط استعمال، اور تمام مکاتب فکر کے احترام کی تلقین کی۔

کانفرنس میں کمشنر اشفاق چوہدری نے کہا کہ محرم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی، اور سوشل میڈیا کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن نے بتایا کہ حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں، اور بغیر اجازت جلوس و مجالس پر پابندی ہوگی۔

علما کرام نے اس موقع پر ہاتھوں کی زنجیر بناکر قومی یکجہتی اور امن کا عملی مظاہرہ کیا اور اسلام، پاکستان، اور پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کیے۔ وفد اور ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان نے قیام امن کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں استحکام پاکستان، قومی سلامتی اور امت مسلمہ کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔









