اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اوچ شریف سرگرم ہو گئی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے 8، 9 اور 10 محرم کے جلوسوں کے مرکزی روٹس کا تفصیلی معائنہ کیا، جس میں سیکیورٹی، صفائی، روشنی، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی فرخ عدنان، چیف آفیسر ضلع کونسل بہاولپور نصراللہ، سینئر SHO سجاد سندھو، میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم، سب انجینئر عمران گشکوری، انکارجمنٹ انچارج خواجہ قبول حسین، صفائی انچارج عامر تبسم سمیت متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکار موجود تھے۔
جلوس کے روٹس پر امام بارگاہ خواجگان گیلانی اور امام بارگاہ اوچ شریف کا بھی دورہ کیا گیا۔ موقع پر موجود عملے کو ہدایت دی گئی کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت ناقابلِ برداشت ہو گی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ محرم الحرام کے دن ہمیں صبر، امن، برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے کہ عزادارانِ امام حسینؑ کو ہر ممکن سہولت دی جائے اور تمام ادارے باہم ربط کے ساتھ کام کریں۔
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور پولیس ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہیں گے۔
معائنے کے دوران بلدیاتی عملے کی کارکردگی کو سراہا گیا، بالخصوص نائب قاصد محمد آفاق علی، محمد نعیم خان اور احمد اعجاز کی شبانہ روز محنت پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ انتظامیہ نے جلوس کے راستوں سے رکاوٹیں ہٹانے، نکاسی آب بہتر بنانے، روشنی اور ساؤنڈ سسٹم کی درستگی پر بھی زور دیا۔
دورے کے اختتام پر امام بارگاہ خواجگان میں حاضری دی گئی اور پُرامن محرم کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔