سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی انڈسٹریل سیفٹی اینڈ رسک مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس چیمبر کے میٹنگ روم میں منعقد ہوا، جس میں حالیہ مون سون سیزن، محرم الحرام کے جلوسوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی ذوہیب سیٹھی نے کی، جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر نوید اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ عدیل انجم، ڈی ڈی ایم سی کیوان حسن، اٹلس ہنڈا کے ریجنل سیفٹی مینیجر عدیل احمد، روز ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر اشفاق نذر اور متعدد صنعتی و فلاحی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیکٹریوں میں حفاظتی اقدامات، آگ سے بچاؤ، سیلاب کی پیشگی تیاری، اور محرم کے جلوسوں کے دوران صنعتی علاقوں میں سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
چیئرمین ذوہیب سیٹھی نے کہا کہ سیالکوٹ ایک برآمدی صنعتی شہر ہے، جہاں حفاظتی اقدامات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنانا از حد ضروری ہے۔ فیکٹریز میں سیفٹی آلات کی تنصیب، آگ سے بچاؤ کے اقدامات اور ایمرجنسی راستوں کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جانی چاہیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر آف کامرس اس سلسلے میں صنعتی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ فیکٹری مالکان سیفٹی آڈٹ کروائیں تاکہ ملازمین اور عمارتوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انجینئر نوید اقبال نے سیکریٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کو محفوظ بنانے کے لیے ریسکیو تربیتی سیشنز کا انعقاد کر رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو حادثات سے بچاؤ کی تربیت دی جا سکے۔
ریسکیو افسران اور ماہرین نے زور دیا کہ فیکٹریوں میں آگ بجھانے والے آلات، ایمرجنسی الارم سسٹم، فائر ہائیڈرنٹس اور ہنگامی انخلاء کے راستے قائم کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ سیالکوٹ کی تمام صنعتی یونٹس میں فیکٹری سطح پر آگاہی مہم اور عملی مشقوں کا سلسلہ تیز کیا جائے گا تاکہ انسانی جانوں اور ملکی سرمایہ کو حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔