میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے باصلاحیت کھلاڑی جمعہ خان نے میئر میونسپل کارپوریشن میرپورخاص عبدالرؤف غوری سے اپیل کی ہے کہ انہیں ایک معیاری اسپورٹس وہیل چیئر فراہم کی جائے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی مؤثر انداز میں جاری رکھ سکیں۔

جمعہ خان، جو کہ میرپورخاص سندھ سے تعلق رکھتے ہیں، گذشتہ کئی برسوں سے قومی وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے مستقل رکن ہیں اور بطور لیفٹ ہینڈ بیٹر مختلف قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کر چکے ہیں۔ حالیہ دنوں وہ 16 سے 21 جون 2025 تک بورے والا گراؤنڈ میں منعقدہ پاکستان چیمپئن لیگ میں "کشمیر ٹائیگرز” کی جانب سے وائس کیپٹن کی حیثیت سے میدان میں اترے، جہاں ان کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ایک آئندہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے لیے منتخب ہو چکے ہیں، جو ان کے لیے اور پاکستان کے لیے باعث فخر موقع ہے، لیکن ان کی موجودہ وہیل چیئر نہایت خستہ حال اور غیر معیاری ہے، جو کھیل کے دوران ان کی کارکردگی میں رکاوٹ بنتی ہے۔ جمعہ خان کا کہنا ہے کہ ان کی توانائی کا بڑا حصہ خراب وہیل چیئر پر قابو پانے میں صرف ہو جاتا ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنی مکمل صلاحیتوں کے ساتھ کھیل نہیں پاتے۔

انہوں نے میئر عبدالرؤف غوری سمیت مخیر حضرات، اسپورٹس لورز اور اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک معیاری اور جدید اسپورٹس وہیل چیئر کی فراہمی میں ان کی مدد کریں تاکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند رکھ سکیں۔

Shares: