ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر شعبہ خدمت خلق چوہدری شفیق الرحمن وڑائچ نے کہا ہے کہ ہماری جماعت کی سیاست اقتدار نہیں، بلکہ انسانیت کی خدمت کے اصول پر استوار ہے۔ وہ ضلع ننکانہ صاحب میں شعبہ خدمت خلق اور تاجر برادری کے تحصیلی ذمہ داران سے ایک خصوصی ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے، جس میں پارٹی کے جنرل سیکرٹری ضلع ننکانہ ڈاکٹر ثاقب مجید بھی شریک تھے۔
اس موقع پر چوہدری شفیق الرحمن وڑائچ نے "نیکی فاؤنڈیشن” کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ کا وژن ہر گاؤں، ہر تحصیل اور ہر ضلع میں منظم، شفاف اور دیرپا فلاحی نیٹ ورک قائم کرنا ہے تاکہ دکھی انسانیت کی بلا تفریق خدمت کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے بلڈ سپورٹ پروگرامز، ڈائیلاسز سینٹرز اور روزانہ بنیاد پر عوام کے لیے مفت دسترخوان جیسے منصوبے جلد شروع کیے جا سکتے ہیں بشرطیکہ خلوص، اتحاد اور مسلسل جدوجہد کو اپنایا جائے۔
چوہدری شفیق الرحمن نے پارٹی کارکنوں اور سماجی خدمت کے جذبے سے سرشار افراد سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر ان منصوبوں میں عملی کردار ادا کریں تاکہ فوری ریلیف کے ساتھ ساتھ دیرپا سماجی تبدیلی کی بنیاد رکھی جا سکے۔
مجلس میں شامل تاجر برادری اور دیگر ذمہ داران نے اس فلاحی ویژن کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا خدمت خلق کا شعبہ حقیقی معنوں میں عوام کی امیدوں کا مرکز بنے گا۔
ملاقات کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، خدمت خلق کے جذبے کی کامیابی، اور معاشرے میں یکساں فلاحی نظام کے قیام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔