کرم (باغی ٹی وی) ضلع کرم کے علاقے بگن میں 21 نومبر 2024 کی رات ہونے والے افسوسناک واقعے کو سات ماہ گزر چکے ہیں، مگر متاثرین میں شامل سینئر صحافی اور دنیا نیوز سے وابستہ محمد بلوچ تاحال حکومتی معاوضے کے منتظر ہیں۔

واقعے کے دوران نامعلوم شرپسندوں نے بگن پر حملہ کر کے علاقے کی 1500 سے زائد دکانوں، مارکیٹوں اور رہائشی مکانات کو آگ لگا دی تھی۔ اسی آتشزدگی میں محمد بلوچ کا صحافتی دفتر بھی مکمل طور پر جل گیا، جس کے باعث وہ پیشہ ورانہ سرگرمیاں جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔

واقعے کے بعد حکومت کی جانب سے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے سروے کرایا گیا اور متاثرین کو مالی امداد دینے کا اعلان بھی ہوا، تاہم متعدد متاثرین بشمول محمد بلوچ اب بھی کسی قسم کی مدد سے محروم ہیں۔

محمد بلوچ نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ وہ صحافیوں سمیت تمام متاثرہ افراد کو فوری طور پر معاوضہ فراہم کریں تاکہ وہ دوبارہ اپنے روزگار کو بحال کر سکیں۔ صحافتی حلقوں نے بھی اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

Shares: