گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سانحہ سوات کو حکومت کی بدترین ناکامی قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا ہے ہری پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ سانحہ سوات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اور وزیراعلیٰ کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کے پی میں بلدیاتی اداروں کو ایک روپیہ تک نہیں دیا گیا، پولیس اور ایف سی خود سوال کر رہی ہے کہ فنڈز کہاں گئے این ایف سی ایوارڈ کے تحت ملنے والے پیسوں کا کوئی حساب نہیں دیا گیا، اور 50 ارب روپے کا اسکینڈل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک سفید پوش کے لیے بنگلہ خریدا گیا، جبکہ حکومت کے اصل مسائل سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ قیدی 804 کے تحت چوروں اور ڈاکوؤں کو وزارتیں دی جا رہی ہیں اور ایسے افراد کو پروموٹ کیا جا رہا ہے جو ریاست مدینہ کے اصولوں کے برعکس ہیں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے تمام وسائل وفاق پر چڑھائی کے لیے رکھے تھے، جبکہ صوبے کے عوام بنیادی سہولیات کو ترس رہے ہیں۔

سانحہ سوات: ڈپٹی کمشنر سوات معطل،نئے ڈی سی تعینات

دوسری جانب صوبائی حکومت نے سیلابی صورتحال میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا ہےصوبے میں گذشتہ روز بھی 2 اسسٹنٹ کمشنرز، ایک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ریسکیو کے ضلعی انچارج کو معطل کیا گیا تھا،جن میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مینگورہ (ADC) اور اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی (AC) شامل ہیں-

خیبرپختونخوا حکومت نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) سوات شہزاد محبوب کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے سرکاری ذرائع کے مطابق، گریڈ 18 کے افسر سلیم جان کو نیا ڈپٹی کمشنر سوات تعینات کر دیا گیا ہے اس اقدام کو سانحہ سوات میں انتظامی ناکامی کا براہ راست ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔

ادھر، ریسیکو 1122 کا سوات کے قریبی علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے سرچ آپریشن جاری ہے، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد کے مطابق دریائے سوات میں ڈوبنے والے 10 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ لاپتا 3 افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارش کے باعث دریائے سوات بپھر گیا تھا، جس کے نتیجے میں 7 مقامات پر خواتین اور بچوں سمیت 75 سے زائد افراد دریا میں بہہ گئے تھے، جن میں سے 10 افراد کی لاشیں نکالی گئی تھیں اور 55 سے زائد افراد کو ریسکیو کرلیا گیا تھا۔

شمالی وزیرستان میں خود کش دھماکہ ، 8 افراد شہید

Shares: