اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب کے اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے فوکل پرسن علی حسنین بھٹی نے اسسٹنٹ کمشنر رب نواز چدہڑ کے ہمراہ تحصیل اوکاڑہ میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی امام بارگاہ اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔

مرکزی امام بارگاہ کے دورے کے دوران وفد نے سیکیورٹی انتظامات، صفائی، روشنی اور دیگر سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا اور موقع پر موجود انتظامیہ کو بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں۔

بعد ازاں علی حسنین بھٹی اور اسسٹنٹ کمشنر رب نواز چدہڑ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال اوکاڑہ کا وزٹ کیا، جہاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) جام شہزاد نے وفد کو ہسپتال کی صفائی، دواؤں کی فراہمی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے آگاہ کیا۔

دورے کے دوران ایم ایس نے بتایا کہ مریضوں سے پیسے لینے کی شکایات پر تین لیڈی اسٹاف کو برطرف کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو بلاتعطل اور شفاف طبی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ وفد نے ہسپتال انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

Shares: