تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ)تنگوانی اور گردونواح میں ڈاکوؤں کا راج برقرار، پولیس رٹ مکمل طور پر کمزور پڑ گئی۔ ایک ہی دن میں پانچ ڈکیتیوں کی وارداتیں رونما ہو گئیں، جن میں بیشتر وارداتیں دن دہاڑے اور بعض پولیس چوکی کے سامنے ہوئیں، مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے رہے۔
پہلی واردات میں ڈاکوؤں نے ہیبت خان باجکانی کے قریب گڈو نہر پر ارشاد احمد باجکانی کا دو بھینسوں سے بھرا ہوا ڈاٹسن اس وقت لوٹ لیا جب وہ ڈرائیور سمیت گھر جا رہا تھا۔ ڈاکو ڈرائیور اور مالک کو رسیوں سے باندھ کر گاڑی اور مویشی لے اُڑے۔
دوسری واردات مانجھی پل کے قریب غلام یاسین لاشاری کے ساتھ پیش آئی، جہاں ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر اس سے موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔
تیسری واردات انتہائی حیران کن اور خوفناک تھی، جب ڈاکو کرم پور کے قریب پولیس چوکی کے عین سامنے لقمان گولو کی مچھلی سے بھری ہوئی ڈاٹسن لوٹ کر فرار ہو گئے۔ اس واقعے پر مشتعل گولا برادری نے احتجاجاً سڑک بلاک کر دی، جس کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، تاہم تاحال پولیس کی جانب سے کوئی ایکشن سامنے نہیں آیا۔
چوتھی واردات میں سبزل باجکانی کے قریب ایک شہری سے موٹر سائیکل، موبائل اور نقد رقم چھینی گئی، جبکہ پانچویں واردات تھانہ ڈیرہ سرکی کی حدود میں پیش آئی، جہاں ڈاکووں نے دیدہ دلیری سے لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے۔
مسلسل وارداتوں اور پولیس کی مجرمانہ خاموشی سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈاکو سرعام دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ پولیس کی رٹ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔ عوام نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر ڈاکوؤں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔