بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور خان نہ صرف اپنی جاندار اداکاری کے لیے مشہور ہیں بلکہ ان کے چاہنے والے جانتے ہیں کہ وہ دل سے "فوڈی” یعنی کھانے کی شوقین ہیں۔ حال ہی میں ہالی ووڈ رپورٹر انڈیا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کرینہ نے اپنے کھانے سے متعلق شوق کا کھل کر اظہار کیا، جہاں ان کے ہمراہ موجود تھے نوجوان اداکار وکی کوشل، جو خود بھی پنجابی اور کھانے کے دلدادہ ہیں۔
دونوں فنکاروں نے فلمی سفر کے 25 (کرینہ) اور 10 (وکی) سال مکمل ہونے پر یادگار لمحات، سخت ڈائٹس، کرداروں کے تقاضوں اور اپنی پنجابی خوراک سے جڑے تجربات پر کھل کر گفتگو کی۔وکی نے دورانِ گفتگو کہا "ڈائٹ پر ہوں تب بھی بریانی کی گنجائش نکال ہی لیتا ہوں۔”اس پر کرینہ نے فورا جواب دیا "مجھے تو سفید مکھن کے بغیر زندگی ادھوری لگتی ہے۔ ہر دو تین دن بعد مجھے آلو کا پراٹھا سفید مکھن کے ساتھ چاہیے ہوتا ہے۔ یہ تو لازمی ہے۔”
وکی نے ہنستے ہوئے کہا”مجھے لگتا ہے کہ ہم پنجابی سفید مکھن سے متاثر ہی نہیں ہوتے!”کرینہ نے فوراً تائید کرتے ہوئے کہا "ہے نا؟ میں تو بار بار کہہ کہہ کر تھک گئی ہوں۔ مجھے تو اس کے بغیر کام کرنے میں بھی دقت ہوتی ہے۔”
گفتگو کے دوران وکی کوشل نے کرینہ سے ایک دلچسپ سوال پوچھا "اگر آپ کو دوبارہ ‘تشن 2’ جیسی فلم کے لیے سائز زیرو بننا پڑے تو کیا کریں گی؟”کرینہ کا جواب سب کو حیران کر گیا۔ انہوں نے کہا "تشن کے وقت بھی میں صبح کے ناشتے میں پراٹھا اور سفید مکھن کھاتی تھی۔ میں کبھی بھی صرف جوس والی سائز زیرو ڈائٹ پر نہیں رہی۔ دن کے باقی اوقات میں خوراک کم کر سکتے ہیں، لیکن صبح کا ناشتہ تو بھرپور ہونا چاہیے۔”یہ انکشاف وکی کوشل کے لیے حیران کن تھا، کیونکہ انہیں یقین نہیں آ رہا تھا کہ کرینہ جیسے فٹ اداکارہ سائز زیرو حاصل کرنے کے باوجود پراٹھا کھاتی تھیں۔
یاد رہے کہ کرینہ کپور نے فلم تشن کے لیے اپنا مشہور سائز زیرو روپ ماہر غذائیت رجوتا دیویکر کی نگرانی میں ایک متوازن اور سائنسی ڈائٹ پلان پر عمل کرتے ہوئے حاصل کیا تھا، جس میں خوراک کی کمی کے بجائے سمجھداری سے انتخاب کیا گیا تھا۔








