وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد رکن قومی اسمبلی چوہدری عثمان علی نے اہم ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے چوہدری عثمان علی کو پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر چوہدری عثمان علی نے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی کاوشیں ملکی ترقی اور استحکام کے لیے بہت مثبت ہیں۔چوہدری عثمان علی نے آئندہ سال قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے والے بجٹ کی منظوری پر وزیراعظم کو مبارکباد بھی دی اور کہا کہ بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقدامات شامل ہیں جو ملک کی ترقی میں مددگار ثابت ہوں گے۔

ملاقات میں ساہیوال کے حلقے سے متعلق عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ چوہدری عثمان علی نے وزیراعظم کو ساہیوال کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔واضح رہے کہ چوہدری عثمان علی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-142 ساہیوال سے آزاد حیثیت میں منتخب ہوئے تھے اور وہ پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ حیثیت رکھتے ہیں۔

Shares: