چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاک فضائیہ کے ساتھ مسلسل اور مربوط مشترکہ آپریشنل مشقوں کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید جنگ میں کامیابی کا انحصار بھرپور عملی تیاری پر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیول چیف نے پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے میں جاری علمی اور پیشہ ورانہ تربیت کو سراہا اور مستقبل کی عسکری قیادت کی تیاری میں اس کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔ایئر وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس نے خطے میں دفاعی توازن کو نئی جہت دی ہے۔
انہوں نے مشرقی سرحد کی حالیہ صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بدلتے حالات میں مسلسل تیاری اور دور اندیش حکمت عملی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی نے سطحی، زیرِ سطح اور فضائی جنگی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے، جس سے بحریہ مزید مضبوط اور مؤثر فورس بن چکی ہے۔
نیول چیف نے قومی دفاع میں تینوں مسلح افواج کے باہمی اشتراک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے ساتھ مشترکہ آپریشنل مشقوں کو مزید منظم اور تواتر سے منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے ٹیکنالوجی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ تنازعات میں بغیر پائلٹ فضائی نظام (ڈرون ٹیکنالوجی) کلیدی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔ اس موقع پر ایڈمرل نوید اشرف نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے درمیان آئندہ اسٹریٹجک شراکت داری کا بھی اعلان کیا، جو ملکی سطح پر بغیر پائلٹ نظاموں کی ترقی کو فروغ دے گی اور دفاعی خود انحصاری میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ، بجلی بلوں سے الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان
کراچی میں چارجڈ پارکنگ ختم، کے ایم سی کی سڑکوں پر مفت پارکنگ کا آغاز
برطانیہ شدید گرمی کی لپیٹ میں، درجہ حرارت 35 ڈگری سے تجاوز کر گیا
تحریک انصاف کو آزاد کشمیر میں دھچکا، دو اہم اراکین اسمبلی پیپلز پارٹی میں شامل