واربرٹن(باغی ٹی وی،نامہ نگار عبدالغفار چوہدری)منشیات فروشوں کے خلاف واربرٹن پولیس کی کامیاب کارروائیاں، 6 کلو سے زائد منشیات برآمد، 4 ملزمان گرفتار

تھانہ واربرٹن پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ حالیہ آپریشن کے دوران پولیس نے 4 منشیات فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے مجموعی طور پر 6 کلو 490 گرام منشیات برآمد کر لیں، جب کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، پولیس نے مختلف کارروائیوں میں ملزم شجاع الرحمن سے 2100 گرام، فلک شیر سے 650 گرام، سلامت سے 2640 گرام اور شعبان سے 1100 گرام منشیات برآمد کی۔ برآمدہ منشیات میں چرس اور دیگر نشہ آور مواد شامل ہے، جو مختلف مقامات پر فروخت کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔

پولیس حکام نے تمام ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ڈی پی او ننکانہ سید ندیم عباس نے ایس ایچ او تھانہ واربرٹن مجاہد عباس ملہی اور ان کی ہمراہی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کے خلاف بلا امتیاز اور بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

ڈی پی او نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ضلع ننکانہ کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات فروشوں کی نشاندہی کر کے پولیس سے تعاون کریں تاکہ نوجوان نسل کو تباہی سے بچایا جا سکے۔

Shares: