اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) ڈیرہ نواب ریلوے اسٹیشن پر افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک 60 سالہ بزرگ شہری ٹرین سے اترتے ہوئے زخمی ہو گیا۔ ریسکیو 1122 بہاولپور کے کنٹرول روم سے موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ صبح 4 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا، جب لاہور سے کراچی جانے والی پاک بزنس ٹرین جیسے ہی ڈیرہ نواب اسٹیشن پر آہستہ ہوئی تو ایک مسافر اسلم شاہ ولد امام شاہ ٹرین سے اترنے کی کوشش کے دوران پھسل کر نیچے آ گیا۔

حادثے کے نتیجے میں اسلم شاہ کی بائیں ٹانگ گھٹنے کے نیچے سے کٹ گئی۔ ریسکیو ٹیم (BPA-32) نے چھ منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ کر فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور زخمی کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

زخمی کا تعلق موضع ٹبی تکوان، احمد پور شرقیہ سے ہے۔

Shares: