بھارتی حکومت نے پاکستان کے ڈراموں اور دیگر شوبز مواد دکھانے والے یوٹیوب چینلز پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں 22 اپریل کو ہونے والے حملے کو جواز بنا کر بھارتی حکومت نے 22 اپریل کے بعد پاکستان کے متعدد نیوز چینلز، مشہور شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور پاکستانی ڈرامے دکھانے والے معروف شوبز یوٹیوب چینلز کو ملک میں بند کر دیا تھا بھارتی حکومت نے اے آر وائی ڈیجیٹل، جیو ٹی وی اور ہم ٹی وی کے یوٹیوب چینلز کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی عائد کر دی تھی وہیں فواد خان اور ہانیہ عامر سمیت پاکستانی فنکاروں کی فلموں کی ریلیز بھی روک دی گئی تھی۔ اس کے باوجود ہانیہ عامر کی فلم دنیا بھر میں کامیاب ریلیز ہوئی، تاہم بھارت میں ریلیز نہ ہوسکی۔
تاہم اب خبریں ہیں کہ بھارت نے پاکستانی ڈرامے دکھانے والے یوٹیوب چینلز پر عائد پابندی ختم کر دی ہے، جس کے بعد یہ چینلز دوبارہ بھارتی ناظرین کے لیے قابلِ رسائی ہو گئے ہیں بھارتی حکام کی جانب سے تاحال اس بحالی پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم میڈیا ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل کشیدگی کم کرنے اور آن لائن مکالمہ بحال کرنے کی کوشش کا حصہ ہو سکتا ہے۔
بھارتی صارفین نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایک مداح نے لکھا، ’’’پہلا قدم دلجیت دوسانجھ نے اٹھایا، اب سب ان کے پیچھے چل رہے ہیں۔‘‘ ایک اور صارف نے کہا، ’’پابندی ختم ہونا خوش آئند ہے مگر پاکستانی انڈسٹری کو اب اور بہتر مواد پر توجہ دینی چاہیے۔‘‘
دوسری جانب بھارتی صارفین کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا جارہا ہے کہ وہ اپنی ٹائم لائن پر کچھ پاکستانی فنکاروں کی پوسٹ دیکھ سکتے ہیں، جس سے معلوم ہوا کہ کچھ فنکاروں کے اکاؤنٹس پر بھی عائد پابندی ختم کردی گئی ہے جن فنکاروں کے اکاؤنٹس تک رسائی بحال ہوئی ہے ان میں دانش تیمور، احد رضا میر، ماورا حسین اور یمنیٰ زیدی شامل ہیں تاہم، ابھی بھی کئی فنکاروں کے اکاؤنٹس بھارتی صارفین کےلیے بند ہیں جن میں ماہرہ خان، فواد خان، وہاج علی، اقرا عزیز، فرحان سعید اور ہانیہ عامر شامل ہیں۔








