پاکستان شوبز کی اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل نے ماؤں کی ذہنی اور جسمانی صحت کو سب سے اہم قرار دے دیا۔

نادیہ جمیل نے ‘المعارد ویمین سوسائٹی’ کے ایک ایونٹ میں ماں کے کردار سے متعلق بدلتے ہوئے نظریات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ آج کی ماں کو خود کو نظرانداز کرنے کے بجائے اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ وہ ایک متوازن اور مؤثر والدہ ثابت ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف نسلوں میں ماں کے تصور میں واضح تبدیلی آئی ہے پہلے ماں کو صرف قربانی دینے والی اور ہر حال میں بچوں کو خود پر مقدم رکھنے والی ہستی تصور کیا جاتا تھا،جن میں سے ایک یہ ہے کہ محبت کا ایک بہت خوبصورت چہرہ قربانی ہے، جیسے ماں خود بھوکی رہ لے لیکن بچوں کو پہلے کھلائے لیکن
اب یہ شعور بڑھ رہا ہے کہ ایک خوش، صحت مند اور خودمختار ماں ہی بہتر انداز میں اپنی اولاد کی پرورش کر سکتی ہے۔

نادیہ جمیل نے کہا کہ ‘لیکن آج میں جب ایک 23 سال کے بیٹے کی ماں ہوں اور ساتھ ہی 4 سال کی بیٹی کی بھی ماں ہوں تو میں اپنی چھوٹی بیٹی کی پرورش کے دوران خود میں بہت سی تبدیلیاں لائی ہوں اور اب میں ایک بہت مختلف ماں ہوں کیونکہ اب میں اپنی بھلائی، خیر کے بارے میں سوچتی ہوں۔’

انہوں نے کہا کہ میری اس تبدیلی کی وجہ یہ ہے کہ میں ہی اگر نفسیاتی طور پر مضبوط نہیں ہوں، صحتمند، خوشحال نہیں ہوں تو میں ایک اچھی ماں بن ہی نہیں سکتی، میرے اچھی ماں بننے کیلئے ضروری ہے کہ میں بے تحاشہ مشکلات کو بے وجہ برداشت نہ کروں کیونکہ یہ مجھے ذہنی طور پر ختم کر دے گا، ہمیں اپنی حدود کا تعین کرنا سکھایا ہی نہیں جاتا کہ کس حد تک ہمیں قربانی دینی ہے اور کس حد کے بعد ہمیں اپنے لیے اسٹینڈ لینا ہے، اگر میرا بیٹا بھی مجھے سے بدتمیزی سے بات کرے تو مجھے اور اسے پتہ ہونا چاہئے کہ کس حد تک بدتمیزی قبول کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عورت کو چاہیے کہ وہ صرف ماں ہونے کے کردار تک خود کو محدود نہ کرے بلکہ اپنی ذات، خواہشات، مشاغل اور زندگی کے دیگر پہلوؤں پر بھی توجہ دے یہ سوچ اب اہمیت اختیار کر رہی ہے کہ ماں کا اپنے لیے وقت نکالنا نہ صرف اس کی اپنی صحت کے لیے ضروری ہے بلکہ اس کا مثبت اثر بچوں کی نشوونما اور گھریلو فضا پر بھی پڑتا ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک مضبوط ماں ہی مضبوط نسل کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔

سوشل میڈیا پر نادیہ جمیل یہ ویڈیو گردش کر رہی ہے جس پر صارفین انہیں سراہا رہے ہیں تاہم کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ ماں ایک ایسی ہستی ہے جس کیلئے اولین ترجیح صرف اس کی اولاد ہی رہتی ہے چاہے زمانہ کتنا ہی بدل کیوں نہ جائے۔

Shares: