اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)محرم الحرام کے دوران ضلعی سطح پر عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ڈی سی آفس اوکاڑہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب سلمہ بٹ، ایم این اے ریاض الحق جج، ممبران صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، چوہدری غلام رضا ربیرہ، چوہدری جاوید علاؤالدین، ملک علی عباس کھوکھر، کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل، آر پی او محبوب رشید، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ڈی پی او راشد ہدایت اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اجلاس کو محرم الحرام کے موقع پر عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ڈی پی او راشد ہدایت نے مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس میں شریک عزاداروں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے میڈیکل کیمپس اور کلینک آن وہیلز خدمات فراہم کریں گے، جبکہ سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود اہلکاروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ اور تمام محکموں سے موثر رابطہ کاری یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے تمام انتظامات کی خود نگرانی کروں گا، جبکہ کمیٹیاں اپنے اپنے دائرہ کار میں کلیدی کردار ادا کریں تاکہ پرامن، منظم اور بااحترام انداز میں مجالس و جلوسوں کا انعقاد ممکن ہو سکے۔

Shares: