اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بہاولپور محمد حسن اقبال نے تھانہ اوچ شریف میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل براہ راست سننا اور ان کے فوری حل کو یقینی بنانا تھا۔
یہ کچہری انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے وژن "انصاف آپ کی دہلیز پر” کے تحت منعقد ہوئی۔ ڈی پی او نے شہریوں کی شکایات بغور سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ان کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ اوچ شریف، دیگر پولیس افسران اور معززین علاقہ بھی موجود تھے۔
ڈی پی او محمد حسن اقبال نے کہا کہ تھانوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد پولیس کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوامی مسائل کو موقع پر ہی حل کیا جا سکے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام شکایات کا میرٹ پر ازالہ کیا جائے، کیونکہ یہی عوامی اعتماد کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں سے پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم ہوتے ہیں اور پولیس کو خدمت خلق کا حقیقی ادارہ بنانے میں مدد ملتی ہے۔ ایس ایچ او کو ہدایت دی گئی کہ شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
شرکاء نے ڈی پی او کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک اعلیٰ پولیس افسر کا براہ راست عوامی مسائل سننا خوش آئند ہے اور اس سے پولیس پر اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ شہریوں نے کھلی کچہری کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
آخر میں ڈی پی او محمد حسن اقبال نے عوام کی بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ عوامی خدمت کا یہ سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔