اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف اور گردونواح میں 6 محرم الحرام کے موقع پر جلوس اور مجالس کا پُرامن انعقاد ہوا، جہاں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور احسن اقبال کی ہدایت پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا۔ سیکیورٹی کے سخت اقدامات کے باعث تمام مذہبی سرگرمیاں بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے اختتام پذیر ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف میں 6 ماتمی جلوس برآمد ہوئے جبکہ 8 مجالس عزاء منعقد کی گئیں۔ جلوس حسن جہانیاں شاہ بخاری کے گھر سے برآمد ہوکر جامڑہ چوک پر پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ امام بارگاہ مخدوم نوبہار سے نکلا جلوس دربار حضرت مخدوم جہانیاںؒ پر ختم ہوا۔ گیلانی امام بارگاہ، محلہ خواجگان اور نندے لعل دربار سے بھی جلوس برآمد ہوئے جو اپنے روایتی راستوں سے گزر کر پرامن انداز میں مکمل ہوئے۔

جلوسوں کے دوران عزادارانِ امام حسینؑ نے نوحہ خوانی اور ماتم کیا، جبکہ ذاکرین نے واقعہ کربلا کی اہمیت اور شہادتِ امام حسینؑ پر روشنی ڈالی۔ شرکاء کے لیے جگہ جگہ سبیلیں اور لنگر لگائے گئے، جہاں پانی، شربت اور کھانے کی سہولیات فراہم کی گئیں۔

سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی ڈی ایس پی احمدپور شرقیہ اور ایس ایچ او تھانہ اوچ شریف سجاد حسین سندھو نے خود کی۔ پولیس اہلکار جلوس کے تمام راستوں پر موجود رہے اور گشت کے ذریعے امن و امان کو یقینی بنایا۔

جلوسوں کے پُرامن اختتام پر سجادہ نشین مخدوم سید زمرد حسین بخاری نے وطن عزیز کی سلامتی اور دفاعی اداروں کے استحکام کے لیے دعا کروائی۔ امام بارگاہ بستی سادات کوٹلہ رحمت شاہ کے لائسنسدار مخدوم سید زاہد حسین بخاری نے باغی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او احسن اقبال اور ایس ایچ او سجاد حسین سندھو کو بہترین سیکیورٹی انتظامات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

Shares: