ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں ماہ جون 2025 کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کی۔ اجلاس میں کنٹرول روم انچارج محمد نوید، ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران، اسٹیشن کوارڈینیٹر محمد سعید، میڈیا کوارڈینیٹر علی اکبر اور دیگر افسران و انچارجز نے شرکت کی۔
کنٹرول روم انچارج محمد نوید نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جون کے مہینے میں ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کو کل 17013 کالز موصول ہوئیں جن میں سے 3817 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان کالز پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو اہلکاروں نے 3930 افراد کو امداد فراہم کی۔
تفصیلات کے مطابق 700 روڈ ٹریفک حادثات، 2460 میڈیکل ایمرجنسیز، 43 آگ لگنے کے واقعات، 101 لڑائی جھگڑے و تشدد، 4 پانی میں ڈوبنے اور 509 متفرق نوعیت کی ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں۔ مجموعی طور پر 1451 متاثرین کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی، جبکہ 2371 مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بدقسمتی سے ان ایمرجنسیز کے دوران 108 افراد جانبر نہ ہو سکے۔
ڈاکٹروں کی سفارش پر 341 مریضوں کو ضلعی سطح پر علاج کی سہولت نہ ہونے کے باعث لاہور اور فیصل آباد کے بڑے ہسپتالوں میں ریسکیو 1122 کی پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے ذریعے مفت اور محفوظ طریقے سے منتقل کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے مون سون سیزن کے پیش نظر عوام سے خصوصی احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کو جوہڑوں اور سیلابی پانی میں جانے سے روکیں، چھتوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں، اور بجلی کے کھمبوں یا گیلی حالت میں سوئچ بورڈز سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔