اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی پی او راشد ہدایت، پاک آرمی کے افسران اور وفاقی و صوبائی محکموں کے نمائندہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ضلع میں نیشنل ایکشن پلان کے مختلف نکات پر عملدرآمد کا جائزہ لینا تھا۔

اجلاس میں غیر قانونی پیٹرول پمپس اور ایل پی جی شاپس کے خلاف کارروائیاں، ہیومن ٹریفکنگ کی روک تھام، بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف آپریشن، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ٹرانسپورٹرز کے خلاف اقدامات، گداگری کے خاتمے، انسداد تجاوزات مہم، مدارس کی رجسٹریشن اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل جیسے اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت پنجاب کے احکامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور قانون شکنی کے مرتکب افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ اجلاس میں طے پایا کہ ضلعی سطح پر بین المحکماتی رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام اہداف بروقت اور مکمل طور پر حاصل کیے جا سکیں۔

Shares: