اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگارحبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے مستوئی روڈ پر ایک افسوسناک اور غفلت پر مبنی حادثے میں 30 سالہ موٹر سائیکل سوار محمد ذیشان جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سڑک کنارے کھڑی ایک ٹرالی سے لکڑیاں اتارنے کے لیے لوہے کی زنجیر (ٹوچین) سڑک پر باندھی گئی تھی، تاہم اندھیرے اور مناسب حفاظتی علامات کے نہ ہونے کی وجہ سے وہ زنجیر نظر نہ آ سکی۔

عینی شاہدین کے مطابق محمد ذیشان ولد عبدالقادر ایک مریض کو موٹر سائیکل پر اسپتال لے جا رہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث ان کی موٹر سائیکل مذکورہ زنجیر سے ٹکرا گئی، جس سے وہ سڑک پر جا گرے اور ان کے سر، گردن اور سینے پر شدید چوٹیں آئیں۔ موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی، جنہوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، OPA اور CPR کے ذریعے جان بچانے کی کوشش کی اور انہیں شدید زخمی حالت میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

حادثے کے بعد علاقہ غم و اندوہ میں ڈوب گیا ہے جبکہ شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ مقامی افراد نے حادثے کی ذمہ داری غیر محفوظ انداز میں ٹرالی سے سامان اتارنے اور سڑک پر بغیر کسی وارننگ کے رکاوٹیں ڈالنے پر عائد کی ہے۔ عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مرحوم محمد ذیشان کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کی جائے گی۔ ان کی ناگہانی موت پر ہر آنکھ اشکبار ہے، اور پورا علاقہ سوگوار ہے۔

Shares: