سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SCCI) کے صدر اکرام الحق کی زیر صدارت تجارتی اداروں کے نمائندہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی بجٹ 2025-26 میں بزنس کمیونٹی کی تجاویز اور خدشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین سپورٹس گڈز ایسوسی ایشن خواجہ مسعود اختر، سینئر نائب صدر شہباز وسیم لودھی، نائب صدر عمر خالد، اور مختلف ٹریڈ باڈیز کے نمائندوں نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ مقررین نے بجٹ میں شامل ٹیکس اصلاحات، صنعتی مراعات، برآمدات پر اثرات، اور کاروباری لاگت میں اضافے جیسے نکات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔

اس موقع پر صدر چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری میاں محمد خلیل، اعجاز غوری، شیخ خالد محمود، چیئرمین سرجیکل ایسوسی ایشن ذیشان طارق شیخ، ملک نصیر احمد، حاجی غلام مجتبیٰ مہر، کرنل (ر) سید احتشام گیلانی، تصور بٹ اور دیگر تاجران نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ وفاقی حکومت بزنس کمیونٹی کی تجاویز کو سنجیدگی سے لے اور پالیسی سازی میں ان کی شمولیت یقینی بنائے۔ اجلاس کا مقصد وفاقی بجٹ کے صنعت پر اثرات کا تجزیہ کرنا اور آئندہ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا تھا تاکہ ملکی معیشت میں سیالکوٹ کا تاریخی صنعتی کردار مزید مستحکم کیا جا سکے۔

Shares: