بھارتی حکومت نے آپریشن سندور کے دوران ہلاکتوں میں سے 100 سے زائد فوجی اہلکاروں اور پائلٹس کو اعزازات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، آپریشن سندور کے دوران بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا، لیکن ان ہلاکتوں کو تسلیم نہ کر کے بھارتی فوج اور حکومت شدید اندرونی دباؤ کا شکار رہی بھارتی حکومت اور افواج نے ہزیمت سے بچنے کے لیے آپریشن سندور میں ہونے والے نقصانات کو ابتدا میں چھپایا، لیکن اب بھارتی حکومت نے ان ہی چھپی ہوئی ہلاکتوں میں سے 100 سے زائد فوجی اہلکاروں اور پائلٹس کو اعزازات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق صرف لائن آف کنٹرول پر بھارت کو 250 سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کا سامنا کرنا پڑا ، ان میں انڈین ایئر فورس یونٹ کے 7 فوجی، 10 انفنٹری بریگیڈ کے جی ٹاپ میں 5 ہلاک اہلکار، اور ہیڈکوارٹر 93 انفنٹری بریگیڈ میں ہلاک ہونے والے 9 فوجی شامل ہیں، جنہیں اب اعزازات سے نوازا جا رہا ہے۔
بھارتی فضائیہ کے 4 ہلاک پائلٹس، جن میں 3 رافیل طیاروں کے پائلٹس شامل ہیں، کو بھی اعزازات دیئے جائیں گےاسی طرح آدم پور ایئربیس پر مارے گئے جدید ایس 400 دفاعی نظام کے 5 آپریٹرز، ادھم پور ایئربیس اور ایئر ڈیفنس یونٹ پر ہلاک ہونے والے 9 اہلکار، راجوڑی ایوی ایشن بیس میں 2 ہلاک، اور اڑی کے سپلائی ڈپو کے او سی سمیت 4 ہلاک فوجی اہلکار بھی اعزازی لسٹ کا حصہ ہیں،انٹیلیجنس فیلڈ سپورٹ یونٹ نوشہرہ میں ہلاک ایک اہلکار اور 12 انفنٹری بریگیڈ اڑی میں 3 ہلاک اہلکاروں کو بھی اعزازات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارت نے ابتدا میں اپنی رسوائی اور شکست چھپانے کے لیے فوجی نقصانات کو نہ صرف چھپایا بلکہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کے لواحقین پر دباؤ ڈالا گیا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنے پیاروں کی تصاویر بھی شیئر نہ کریں، بھارت اب انہی ہلاک فوجیوں کو اعزازات دے رہا ہے جن کی ہلاکتیں کبھی تسلیم نہیں کی گئیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جب بھارتی حکومت نے آپریشن سندور کے دوران فوجیوں کی ہلاکتوں کو تسلیم ہی نہیں کیا تو اب اندرونی دباؤ میں آ کر اعزازات دینے کا فیصلہ کیوں کیا جا رہا ہے؟دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کی کوئی بھی پروفیشنل فوج اپنے شہیدوں اور زخمیوں کو فخر سے یاد کرتی ہے، لیکن ہندوستان نے نہ صرف اپنے نقصانات چھپائے بلکہ اپنے فوجیوں کی قربانیوں کو بھی تسلیم کرنے سے انکار کیا، جو کسی بھی فوج کے لیے انتہائی شرمناک اور غیر پیشہ ورانہ طرز عمل ہے۔